صدر ٹرمپ کا روس سے خفیہ معلومات کے تبادلے کا انکشاف,مشیر کی تردید

صدر ٹرمپ کا روس سے خفیہ معلومات کے تبادلے کا انکشاف,مشیر کی تردید

واشنگٹن :امریکی اخبار نے صدر کے روس سے خفیہ معلومات کی خبر کا انکشاف کر کے امریکی ایوان اقتدار میں کھلبلی مچا دی‘ امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے اس حوالے سے خبرکی تردید کر دی-امریکی حکام نے امریکی میڈیا کو بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ(داعش) کے بارے میں انتہائی خفیہ معلومات کا تبادلہ کیا ہے۔
اخبار واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ یہ معلومات ایک ایسے اتحادی کی جانب سے آئی تھیں جس نے امریکہ کو انھیں روس تک پہنچانے کی اجازت نہیں دی تھی۔قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میک ماسٹر نے وائٹ ہاوس کے باہر نامہ نگاروں کو بتایاکہ یہ خبر جیسے بیان ہوئی ہے، وہ غلط ہے۔ صدر اورروسی وزیرِ خارجہ نے دونوں ملکوں کو لاحق خطرات کا جائزہ لیا، جن میں شہری ہوابازی کو درپیش خطرے شامل ہیں۔
اس دوران کسی بھی وقت خفیہ معلومات کے ذرائع یا طریقوں پر بات نہیں ہوئی اور صدر نے ایسی کسی فوجی کارروائی کا ذکر نہیں کیا جو پہلے ہی سے لوگوں کو معلوم نہ ہو۔امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ کے روس کے ساتھ تعلقات کا معاملہ خاصا گرم ہے اور اس بارے میں متعدد تحقیقات جاری ہیں۔تاہم امریکی صدر ان الزامات کوجعلی خبر کہہ کر مسترد کرتے آئے ہیں۔
حکام نے واشنگٹن پوسٹ اور نیویارک ٹائمز کو بتایا ہے کہ اوول آفس میں روسی سفیر سرگے کسلی ایک کے ساتھ بات چیت کے دوران امریکی صدر نے کچھ ایسی معلومات کا تبادلہ کیا جن کے نتیجے میں ان کا ماخذ ظاہر ہو سکتا ہے۔یہ گفتگو دولتِ اسلامیہ کے ایک منصوبے کے بارے میں ہو رہی تھی جس کے دوران امریکی صدر اپنے مسودے سے ہٹ گئے۔
اخباروں نے لکھا ہے کہ یہ خفیہ معلومات ایک امریکی اتحادی کی جانب سے آئی تھیں اور اس قدر حساس تھیں کہ انھیں دوسری امریکی اتحادیوں کو نہیں بتایا جا سکتا تھا۔وہاں موجود دوسرے لوگوں کو اس غلطی کا اندازہ ہو گیا اور انھوں نے اس کا ازالہ کرنے کے لیے سی آئی اے اور نیشنل سکیورٹی ایجنسی کو مطلع کر دیا۔
امریکی وزیرِ خارجہ ریکس ٹلرسن نے بھی ایک بیان میں کہا کہ اس ملاقات میں 'درپیش خطرات کی نوعیت پر بات ہوئی نہ کہ ذرائع، طریقہ کار یا فوجی آپریشن کے بارے میں۔تاہم واشنگٹن پوسٹ نے جس نے سب سے پہلے یہ خبر دی تھی، کہا کہ اس سے ان کی خبر کی تردید نہیں ہوتی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں