پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی خلا میں کمی، خواتین کا موبائل انٹرنیٹ استعمال بڑھ گیا: جی ایس ایم اے رپورٹ

12:16 AM, 16 May, 2025

اسلام آباد: پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی شمولیت کے حوالے سے سال 2024 ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔ جی ایس ایم اے اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق خواتین کے موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے ملک میں ڈیجیٹل صنفی فرق میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2023 میں موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں صنفی فرق 38 فیصد تھا، جو 2024 میں کم ہو کر 25 فیصد رہ گیا۔ یہ کمی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ پاکستان میں خواتین کی ڈیجیٹل رسائی بہتر ہو رہی ہے۔

80 ممالک کے سروے کے دوران پاکستان میں سالانہ بنیادوں پر سب سے بڑی بہتری ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ چند برسوں سے مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے کہ خواتین تیزی سے موبائل انٹرنیٹ اپنانے لگی ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق صرف سال 2024 کے دوران 80 لاکھ خواتین اور 50 لاکھ مردوں نے موبائل انٹرنیٹ سروسز کا آغاز کیا۔ یہ پیش رفت سرکاری و نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار اس جانب واضح اشارہ ہیں کہ پاکستان جامع ڈیجیٹل بااختیاری کی جانب کامیابی سے گامزن ہے، اور ملک میں مرد و خواتین کے درمیان ڈیجیٹل فرق ختم کرنے کی کوششیں ثمر آور ثابت ہو رہی ہیں۔

 
 

مزیدخبریں