اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران سیز فائر کروا کر نہ صرف خطے کو بڑی تباہی سے بچایا بلکہ انسانیت کی خدمت بھی کی۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، باہمی تعاون اور جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
محسن نقوی نے سیز فائر میں امریکہ کے مثبت کردار کو سراہا اور ڈونلڈ ٹرمپ اور نیٹلی بیکر کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان سیز فائر کرانا آسان نہیں تھا، امریکی صدر نے بروقت مداخلت کر کے بڑے بحران کو ٹال دیا۔"
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان امریکی صدر کے مثبت خیالات کا خیر مقدم کرتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔