نئی دہلی: پاکستان کی حمایت کرنا ترکیہ کو مہنگا پڑ گیا۔ بھارت نے ترکی کی ایئرپورٹ سروس کمپنی سیلیبی (Celebi) کی سیکیورٹی کلیئرنس فوری طور پر ختم کر دی ہے۔
بھارتی وزارت شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی کے خدشات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں ترکی اور آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر بھارت میں ردِعمل سامنے آ رہا ہے، اور لوگ ان ممالک کی سیاحت کے منصوبے بھی منسوخ کر رہے ہیں۔
دہلی ایئرپورٹ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ سیلیبی سے علیحدگی کے بعد اب وہ AISATS اور Brid Group کے ساتھ کام کریں گے۔ بھارتی ڈپٹی وزیرِ شہری ہوابازی مرلی دھر موہول کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے سیلیبی پر پابندی کے مطالبے آ رہے تھے، جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔
واضح رہے کہ سیلیبی کمپنی بھارت کے نو بڑے ہوائی اڈوں پر گراؤنڈ ہینڈلنگ کی خدمات فراہم کر رہی تھی۔ کمپنی کی جانب سے بھارتی فیصلے پر تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔