واشنگٹن : امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی معاہدے پر اتفاق کے بعد دنیا کے دس ارب پتی افراد کی دولت میں ایک رات کے دوران 84 ارب ڈالر کا شاندار اضافہ ہوا ہے۔ اس معاہدے کے اثرات سے ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ارب پتی افراد کی دولت میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے کو ملا۔
سابق فیس بک اور موجودہ میٹا کے شریک بانی مارک زکربرگ سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والے فرد بنے، جن کی دولت میں 16.1 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ دوسرے نمبر پر ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی دولت میں 14.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کی دولت میں بھی 14.5 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، کیونکہ اسٹاک مارکیٹ میں معمولی تبدیلیاں بھی ان کی دولت پر بڑا اثر ڈالتی ہیں۔
العربیہ بزنس کے مطابق اس فہرست میں بیشتر ٹیکنالوجی سے وابستہ ارب پتی افراد شامل تھے، جن کی کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافے سے ان کی دولت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ، فرانس کے ارب پتی برنارڈ آرنو، جن کی دولت میں 7.1 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
بھارتی ارب پتی مکیش امبانی اور گوتم اڈانی کی دولت میں بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ صلح کے نتیجے میں بالترتیب 4.42 ارب ڈالر اور 5.31 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ اس فہرست میں انویڈیا، اوریکل اور الفابیٹ جیسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے وابستہ ارب پتی افراد بھی شامل ہیں، جنہوں نے اس تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھایا۔