لاہور: بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، لاہور ٹریفک پولیس نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے لیے خصوصی کیوسک نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سہولت کے تحت مسافر اپنا ویزا اور قومی ڈرائیونگ لائسنس دکھا کر ایئرپورٹ پر ہی فوری طور پر انٹرنیشنل لائسنس حاصل کر سکیں گے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق لائسنس کا پرنٹ بھی موقع پر ہی فراہم کیا جائے گا، جب کہ کیوسک کے ذریعے لرنر، لوکل اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کی سہولت بھی میسر ہو گی۔ یہ کیوسک 24 گھنٹے آن لائن سروس فراہم کرے گا تاکہ شہری دن رات کسی بھی وقت استفادہ کر سکیں۔
حکام کے مطابق رواں ماہ کے دوران لاہور شہر میں 10 کیوسک فعال کر دیے جائیں گے، جب کہ آئندہ مالی سال میں ان کی تعداد 100 تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ یہ اقدام وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ جدید سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔