بلاول بھٹو زرداری کی برطانوی سیکریٹری خارجہ سے ملاقات، پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال

11:51 PM, 16 May, 2025

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ملاقات کی، جس میں پاک بھارت حالیہ کشیدگی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات جمعے کے روز ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت، ثقافت اور سماجی تعلقات کو فروغ دینے پر بھی بات چیت کی۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال، خصوصاً پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری تناؤ کے ممکنہ اثرات اور عالمی برادری کے کردار پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔


اس سے قبل برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے وزارتِ خارجہ کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ہوئی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے برطانیہ کی جانب سے پاک بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ:"بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف بلااشتعال جارحیت کی، جو کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی شق 51 کے تحت ایک محدود، نپا تُلا اور ذمہ دارانہ جواب دیا تاکہ شہری آبادی کو نقصان سے بچایا جا سکے۔"


وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے قیام میں فعال کردار ادا کرے اور بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کا پابند بنائے۔

مزیدخبریں