منشیات کیس میں گرفتار ملزمہ پنکی کا جسمانی ریمانڈ 22 مئی تک منظور

07:45 PM, 16 May, 2026

کراچی: کراچی کی مختلف عدالتوں میں منشیات اور قتل کے مقدمات میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف کیسز کی سماعت ہوئی، جہاں عدالتوں نے ریمانڈ سے متعلق مختلف احکامات جاری کیے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ سینٹرل کی عدالت نے منشیات کیس میں ملزمہ پنکی کا جسمانی ریمانڈ 22 مئی تک منظور کر لیا۔ دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے قتل کے مقدمے میں ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں پیر کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ضلع جنوبی میں درج دیگر 13 مقدمات میں انمول عرف پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جبکہ ملیر کی عدالت نے سچل تھانے کے مقدمے میں بھی ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو 14 روز میں چالان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ پراسیکیوشن حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر ملزمہ کو چہرہ ڈھانپ کر لایا گیا، جہاں انہوں نے پولیس پر تشدد، جھوٹے مقدمات قائم کرنے اور لاہور سے کراچی منتقل کرنے کے الزامات لگائے۔ ملزمہ کا مؤقف تھا کہ ان کے سابق شوہر کی جانب سے یہ تمام معاملات کروائے جا رہے ہیں، جبکہ جس مکان سے منشیات برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا وہ کئی برسوں سے بند پڑا تھا۔

دوسری جانب تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ مسلسل اپنے بیانات تبدیل کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کے موبائل فون سے تقریباً 800 افراد کے رابطہ نمبرز اور کروڑوں روپے کی مبینہ مالی لین دین کا ریکارڈ ملا ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ ملزمہ نے مختلف افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز استعمال کیں اور اس کے مبینہ سہولت کاروں اور رائیڈرز کی گرفتاری ابھی باقی ہے، اس لیے مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ ضروری ہے۔
 
 

مزیدخبریں