امریکا نے پاکستان سمیت 6 ممالک کیلئے کورونا سفری پابندیاں نرم کر دیں

امریکا نے پاکستان سمیت 6 ممالک کیلئے کورونا سفری پابندیاں نرم کر دیں
کیپشن: امریکا نے پاکستان سمیت 6 ممالک کیلئے کورونا سفری پابندیاں نرم کر دیں
سورس: فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا نے کورونا کیسز میں نمایاں کمی کے باعث پاکستان سمیت 6 ممالک کے لیے کورونا سفری پابندیاں نرم کر دی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن نے کورونا کے نئے کیسز میں نمایاں کمی آنے پر پاکستان، بھارت، جاپان، لائبیریا، گیمبیا اور موزمبیق کے لیے اپنی کووڈ 19 سفری پابندیوں کو نرم کر دیا ہے۔

رواں برس اگست میں امریکا نے پاکستان کو کووڈ19 ٹرویل ایڈوائزری کے رسک لیول 2 میں رکھا تھا تاہم اب کورونا کیسز میں کمی کی وجہ سے پاکستان کو لیول ون کی بھی کم ترین سطح میں شامل کر دیا گیا ہے۔

امریکا نے اپنی تازہ ترین ٹرویل ایڈوائزری میں چیک ریپبلک، ہنگری اور آئس لینڈ میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر تینوں ممالک کے لیے اپنی سفری سفارشات کو لیول فور یعنی بہت زیادہ رسک تک بڑھا دیا ہے اور امریکیوں کو ان ممالک کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ہفتے کے روز اب تک کے سب سے کم کورونا کیسز کا تناسب 0.78 فیصد ریکارڈ کیا تھا اور روز بروز کورونا کیسز کی تعداد میں خاطر خواہ کمی آرہی ہے۔ یومیہ تعداد 200 تک محدود ہو گئی ہے۔