لفظ ’’پاکستان‘‘ کے موجد چودھری رحمت علی کا یوم ولادت آج منایا جا رہا ہے

11:43 AM, 16 Nov, 2025

لاہور : پاکستان کے قیام میں اہم کردار ادا کرنے والے عظیم رہنما، چودھری رحمت علی کا آج یوم ولادت منایا جا رہا ہے۔ چودھری رحمت علی کا شمار برصغیر کے نہایت متحرک اور فعال سیاست دانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے قیام پاکستان کے لیے ایک منفرد اور مثالی کردار ادا کیا۔

چودھری رحمت علی 16 نومبر 1897ء کو مشرقی پنجاب کے ضلع ہوشیار پور میں ایک متوسط زمیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم جالندھر سے حاصل کی اور 1918ء میں لاہور سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔

انہوں نے محض 18 سال کی عمر میں 1915ء میں اسلامیہ کالج لاہور میں بزم شبلی کے افتتاحی اجلاس میں ہندوستان کے شمالی علاقوں کو ایک مسلم ریاست میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی، جو بعد میں پاکستان کے قیام کا سنگ بنیاد ثابت ہوئی۔ 1928ء میں ایچی سن کالج میں لیکچرار کی حیثیت سے تعینات ہوئے اور اس دوران اپنی فکری صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

چودھری رحمت علی نے صحافت سے بھی تعلق رکھا اور 1933ء میں کیمبرج یونیورسٹی سے قانون اور سیاست کی ڈگریاں حاصل کیں۔ لندن میں تیسری گول میز کانفرنس کے دوران، انہوں نے مسلمانوں کے لیے علیحدہ مملکت کے مطالبے پر مبنی اپنی مشہور کتابچہ ’’ناؤ آر نیور‘‘ میں پہلی بار لفظ "پاکستان" کو استعمال کیا۔

چودھری رحمت علی کا یہ تجویز کردہ نام 14 اگست 1947ء کو حقیقت بن گیا جب پاکستان وجود میں آیا۔ چودھری رحمت علی اپریل 1948ء میں پاکستان تشریف لائے لیکن قائد اعظم محمد علی جناح کی وفات کے بعد واپس انگلینڈ لوٹ گئے۔ جہاں 3 فروری 1951ء کو انہوں نے وفات پائی اور کیمبرج میں آسودہ خاک ہوئے۔

آج بھی چودھری رحمت علی کی فکری کاوشوں اور قیام پاکستان میں ان کے کردار کو یاد کیا جاتا ہے، اور انہیں پاکستان کے تاریخ میں ایک اہم مقام حاصل ہے۔

مزیدخبریں