میکسیکو سٹی: میکسیکو میں جین زی گروپ سے وابستہ افراد نے عدم تحفظ اور بدعنوانی کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع کر دیے ہیں، جو مختلف شہروں میں پھیل گئے ہیں۔ مظاہرین کی بڑی تعداد میکسیکو سٹی میں صدارتی محل کے سامنے جمع ہوئی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے سکیورٹی رکاوٹیں عبور کر کے صدارتی محل تک پہنچنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے آنسو گیس کے شیل برسائے، جبکہ مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا۔ اس دوران میکسیکو سٹی کا علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔
میکسیکو میں جین زی گروپ نے 50 سے زیادہ شہروں میں احتجاج کی کال دی ہے، جس کا مقصد حکومت کی بدعنوانی اور عدم تحفظ کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ دوسری جانب حکومت نے ان مظاہروں کو بیرونی فنڈنگ سے ہونے والا سیاسی حربہ قرار دیا ہے۔
یہ احتجاج حالیہ مہینوں میں ہونے والی مختلف سیاسی ہلاکتوں کے بعد مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جن میں میکسیکو کی ریاست مِچوآکان میں ایک میئر کا قتل بھی شامل ہے، جس نے بدمعاش گروپوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ اُروپان کے شہر کے میئر کارلوس مانزو کو ایک تقریب کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد مشتعل مظاہرین نے سرکاری عمارتوں پر دھاوا بول دیا اور گورنر الفریڈو رامیرز بیڈولا سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
جین زی گروپ دنیا بھر میں ایک نوجوان نسل کی تحریک ہے، جس نے ماحولیاتی تحفظ، بدعنوانی کے خاتمے، سیاست میں مخصوص طبقے کی اجارہ داری کے خاتمے اور جنس و نسل کی برابری کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔