ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

01:29 PM, 16 Nov, 2025

لاہور : پاکستان کے مختلف حصوں میں آج موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، صبح اور رات کے اوقات میں ملک کے بیشتر علاقے شدید سرد ہوں گے۔

پنجاب کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور ہلکی دھند کی پیشگوئی کی گئی ہے، خاص طور پر رات کے اوقات میں۔ لاہور اور اس کے گرد و نواح میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور خراب ہے، جس کے باعث لاہور دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 340 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔

اسلام آباد میں بھی موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں سرد اور مرطوب موسم جاری رہے گا۔ پشاور میں آج درجہ حرارت کم سے کم 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک موسم رہا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی میں اضافہ دیکھا گیا۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں ہلکی دھند چھائی رہی، اور فضائی آلودگی کی سطح بلند رہی۔

مزیدخبریں