لیبیا کے ساحل پر تارکین وطن کی دو کشتیاں الٹنے سے 4 افراد ہلاک

01:14 PM, 16 Nov, 2025

لیبیا کے ساحلی شہر الخمس کے قریب تارکین وطن کی دو کشتیاں الٹنے سے کم از کم 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب 95 غیر قانونی تارکین وطن کو لے جانے والی دونوں کشتیاں سمندر میں الٹ گئیں۔

پہلی کشتی میں بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے 26 تارکین وطن سوار تھے، جن میں سے 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ دوسری کشتی میں 69 افراد سوار تھے، جن میں مصری اور سوڈانی شہری شامل تھے۔ لیبیا کی کوسٹ گارڈ کے مطابق، 91 تارکین وطن کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

لیبیا گزشتہ کئی برسوں سے افریقی اور ایشیائی تارکین وطن کے لیے ایک اہم گزرگاہ بن چکا ہے جو یورپ تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بیشتر تارکین وطن خستہ حال کشتیوں پر سوار ہو کر بحیرۂ روم عبور کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جس کا نتیجہ اکثر جان لیوا حادثات کی صورت میں نکلتا ہے۔

مزیدخبریں