پاکستان کا پہلا ہائپر سپیکٹرل سیٹلائٹ (HS-1) 19 اکتوبر کو چین سے لانچ ہو گا

01:09 PM, 16 Oct, 2025

اسلام آباد: پاکستان اپنے پہلے ہائپر سپیکٹرل سیٹلائٹ (HS-1) کو 19 اکتوبر کو چین سے خلا میں بھیجے گا، جو کہ ملک کے خلائی پروگرام میں ایک تاریخی پیش رفت اور قومی خلائی پالیسی و وژن 2047 کے تحت ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

سپارکو کے ترجمان کے مطابق، یہ سیٹلائٹ پاکستان کے مختلف شعبوں میں انقلاب لانے کی صلاحیت رکھتا ہے، خاص طور پر زراعت، شہری ترقی، ماحولیاتی نگرانی اور قدرتی آفات کی پیشگوئی میں۔ ایچ ایس ون سیٹلائٹ جدید ترین ڈیٹا کیلیبریشن اور درست زراعت (Precision Agriculture) کے لیے جدید سہولتیں فراہم کرے گا، جس سے پاکستانی کسانوں کو فصلوں کی پیداوار میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔

اس سیٹلائٹ کی مدد سے سیلابوں، لینڈ سلائیڈز اور دیگر قدرتی آفات کی پیشگوئی میں مدد ملے گی، جبکہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور ارضیاتی خطرات کی بروقت نگرانی کے لئے بھی یہ نہایت مؤثر ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ، ایچ ایس ون پاکستان میں انفراسٹرکچر میپنگ اور شہری منصوبہ بندی کے نئے امکانات کھولے گا، جس سے ملک سائنسی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گا۔

سپارکو کے مطابق، ہائپر سپیکٹرل سیٹلائٹ نہ صرف خلائی تحقیق کے میدان میں اہمیت رکھتا ہے، بلکہ یہ ملک کو جدید سائنسی و تکنیکی ایپلی کیشنز کے میدان میں عالمی سطح پر صف اول کی صف میں لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں