پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا خواتین ڈاکٹروں کی آسامیوں کا اعلان

 پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا خواتین ڈاکٹروں کی آسامیوں کا اعلان
سورس: File

لاہور: پنجاب کے وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وزیر اعلی محسن نقوی نے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں خواتین کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مہیا کرنے کے لئے پونے چار سو لیڈی ڈاکٹروں کی بھرتی کا حکم دے دیا ہے۔

پنجاب کے وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا تھا  کہ  پنجاب کے بنیادی مراکز صحت ، دیہی ہیلتھ سنٹرز اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں تعیناتی کے لئے محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں 374 ویمن میڈیکل افسران کی بھرتی کے لئے  پبلک سروس کمیشن کے ذریعے  آن لائن درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 29 ستمبر ہے۔ 

وزیر ناصر نے اس بات پر زور دیا کہ میرٹ کی بنیاد پر انتخاب ہی بھرتی کا واحد معیار ہو گا، جس سے اثر و رسوخ سے پاک منصفانہ اور شفاف عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھرتی کا عمل شفاف بنانے کے لئے انٹرویو کے نمبر ختم کر دیئے گئے ہیں۔

 ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ محکمہ پرائمری ہیلتھ میں 1045 ڈاکٹروں کی بھرتی کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔پنجاب پبلک سروس کمیشن نے ایک ہزار کامیاب ڈاکٹروں کی فہرست محکمہ صحت کو بھجوا دی ہے۔

پنجاب کے وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا  تھا کہ نئے بھرتی ہونے والے ڈاکٹروں کوجلدہی تقرر نامے جاری کر کے صوبے کے پسماندہ علاقوں کے ہسپتالوں میں تعینات کر دیا جائے گا۔ ان خالی اسامیوں پر بھرتیوں سے شہریوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں میسر آئیں گی۔

مصنف کے بارے میں