دوحہ : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے الجزیرہ کو انٹرویو میں کہا ہے کہ اسرائیل کی صرف مذمت کافی نہیں، عالمی برادری کو اس کا راستہ روکنا ہوگا۔ انہوں نے قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک خودمختار ملک پر حملہ ناقابل قبول ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ او آئی سی فورم میں اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کی گئی، اور پاکستان نے صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ پرامن حل اور مذاکرات کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی ہونی چاہیے، کیونکہ اسرائیل کی کارروائیاں امن کے خلاف ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کے ساتھ کھڑا ہے، اور کسی کو اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے۔