امریکی معاشی پالیسی کے اثرات، یورو کی قدر میں نمایاں اضافہ

09:15 PM, 16 Sep, 2025

برسلز : یورپی کرنسی یورو کی قیمت میں قابلِ ذکر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو امریکی ڈالر کے مقابلے میں ستمبر 2021 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق، امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرحِ سود پر ممکنہ فیصلے کے حوالے سے جاری اجلاس کے باعث کرنسی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔ اسی تناظر میں یورو کی قدر میں اضافہ ہوا، جبکہ امریکی ڈالر یورو کے مقابلے میں دباؤ کا شکار رہا۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، یورو کی قیمت 1.1847 امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ چار سال کے دوران اس کی سب سے بلند سطح ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فیڈرل ریزرو نے شرح سود سے متعلق نرم مؤقف اپنایا تو ڈالر مزید کمزور ہو سکتا ہے، جس سے دیگر بڑی کرنسیوں کی قدر میں مزید بہتری کا امکان ہے۔

مزیدخبریں