ابوظبی : ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے نویں میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو 8 رنز سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کر لی۔
ابوظبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے اس اہم میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز اسکور کیے۔
بنگلادیش کی جانب سے تنزید حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ سیف حسن 30 اور توحید 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان اور نور احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 20 اوورز مکمل کھیلنے کے باوجود 146 رنز ہی بنا سکی اور پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔ افغان بلے بازوں کو بنگلادیشی باؤلرز کے خلاف مزاحمت میں مشکلات کا سامنا رہا اور وہ مطلوبہ ہدف سے صرف 9 رنز دور رہ گئے۔
اس فتح کے ساتھ بنگلادیش نے گروپ بی میں اپنی پوزیشن کو مضبوط کر لیا ہے، جبکہ افغانستان کو اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے اپنے باقی میچز میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔