کراچی :انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے والے قومی بیٹر بابر اعظم نے طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں اپنی فارم اور ردھم بہتر بنانے کے لیے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی نمائندگی بطور گیسٹ پلیئر کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا موقع دیا جائے تاکہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے اپنی فارم اور ردھم برقرار رکھنے پر کام کرسکیں۔ اس درخواست کے بعد پی سی بی نے او جی ڈی سی ایل کے ساتھ ان کی شمولیت کا انتظام کیا۔
بابر اعظم طویل عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ میں بڑی اننگز کھیلنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ دسمبر 2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 161 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد وہ اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری اسکور نہیں کرسکے۔ 2023 سے اب تک 39 ٹیسٹ اننگز میں ان کی بیٹنگ اوسط 30.43 رہی، جبکہ اس دوران وہ آٹھ نصف سنچریاں بنا سکے۔
انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں بھی بابر اعظم کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے گئے، جبکہ سابق کرکٹرز کی جانب سے ان کی تکنیک اور شارٹ پچ گیندوں کے خلاف مشکلات پر بھی تبصرے سامنے آتے رہے ہیں۔
ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں بابر اعظم کی واپسی تقریباً سات سال بعد ہو رہی ہے۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2019 میں قائداعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کی تھی اور اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
دوسری جانب فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر عامر جمال بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں بطور گیسٹ پلیئر ایکشن میں ہیں اور ایم آئی ٹی ایس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔