اسلام آباد: پاکستان نے پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں بھارتی بحری جہاز کی مبینہ خلاف ورزی پر بھارت سے احتجاج کیا ہے۔ بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے یکم ستمبر سے پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں سی سپارک 26 مشقیں جاری ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ 7 ستمبر سے بھارتی بحری جہاز اور ہیلی کاپٹر نے مشقوں میں مداخلت کی متعدد کوششیں کیں۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ نے بھارتی بحری جہاز کو متعدد بار خبردار کیا، تاہم بھارتی بحری جہاز آئی این ایس کولکتہ اپنی مبینہ اشتعال انگیز سرگرمیوں سے باز نہیں آیا۔
دفتر خارجہ نے بھارتی بحری جہاز کی سرگرمیوں کو دوطرفہ معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے بھارت سے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔