امام کعبہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

امام کعبہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
کیپشن: سعودی ولی عہد کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان نئے تعلقات کا آغاز ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

لاہور: امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجہنی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ہے۔ امام کعبہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے دل پاکستان کیلئے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔

امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجہنی کے ایوان وزیر اعلی پہنچے پر سردار عثمان بزدار نے پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ امام کعبہ کی آمد ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں اور سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان نئے تعلقات کا آغاز ہے۔ سعودی عرب کے بے پایاں تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کے دور میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔