تجارتی کشیدگی میں نیا موڑ ، امریکہ کی چین پر ٹیرف کی شرح 245 فیصد کرنے کی تیاری

10:25 AM, 17 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

بیجنگ  :  امریکہ نے چین پر عائد درآمدی ٹیرف کی شرح 145 فیصد سے بڑھا کر 245 فیصد تک کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ یہ انکشاف وائٹ ہاؤس کی حالیہ فیکٹ شیٹ میں سامنے آیا ہے، جس کے بعد دونوں عالمی طاقتوں کے درمیان تجارتی کشیدگی میں مزید شدت آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ  امریکہ اس اقدام کے ذریعے نہ صرف چین کی معیشت پر دباؤ بڑھانا چاہتا ہے بلکہ اپنے دیگر تجارتی شراکت داروں پر بھی چین سے فاصلے پر رہنے کے لیے زور دے رہا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ امریکہ کی جانب سے 70 سے زائد ممالک سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ چین کو اپنے راستے سے سامان کی ترسیل کی اجازت نہ دیں اور اپنے ممالک میں چینی کمپنیوں کی موجودگی ختم کریں، بصورتِ دیگر انہیں بھی امریکی ٹیرف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس فیصلے پر چین کی وزارتِ خارجہ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر ہوگا کہ امریکہ سے ہی پوچھ لیا جائے کہ وہ آخر چین پر کتنا ٹیرف لگانا چاہتا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ٹیرف وار کا آغاز امریکہ نے کیا اور چین نے محض اپنے حقوق کا دفاع کیا ہے۔ چینی حکام کے مطابق، امریکہ اس اقتصادی دباؤ کے ذریعے چین کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو کہ بین الاقوامی تجارتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

مزیدخبریں