بیجنگ: ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے اپنی ایپ میں سرچ انجن کو مزید بہتر بناتے ہوئے اب گوگل میپس کو چیلنج کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ اب صارفین مخصوص مقامات کے ریویوز ایپ کے اندر ہی دیکھ سکیں گے، وہ بھی ویڈیوز کے کمنٹس سیکشن میں۔
یہ نیا فیچر فی الحال آزمائشی مراحل میں ہے لیکن جن صارفین کو اس تک رسائی دی گئی ہے، وہ کسی مقام سے متعلق ویڈیو دیکھنے کے دوران کمنٹس ٹیب میں "ریویوز" کا الگ سے ٹیب دیکھ سکتے ہیں۔ یہاں نہ صرف صارفین کی دی گئی اسٹار ریٹنگز، تفصیلی تبصرے اور تصاویر دستیاب ہوں گی بلکہ ریویو دینے والے صارف کی پروفائل تک بھی رسائی ممکن ہوگی۔
یہ فیچر گوگل اوپن کرنے کی ضرورت کو کم کر دے گا، خاص طور پر ان نوجوان صارفین کے لیے جو پہلے ہی معلومات حاصل کرنے کے لیے ٹک ٹاک کو ترجیح دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر، اگر کوئی صارف نیویارک کے سینٹرل پارک کی ویڈیو دیکھ رہا ہو، تو وہ اسی ویڈیو کے کمنٹس سیکشن سے ہی پارک کے بارے میں ریویوز، درجہ بندی اور صارفین کی شیئر کردہ تصاویر دیکھ سکے گا۔
یاد رہے کہ 2022 میں گوگل کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اعتراف کیا تھا کہ نوجوان صارفین معلومات کے لیے گوگل کی بجائے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام کو زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔ اب ٹک ٹاک نہ صرف سرچ انجن کے طور پر خود کو بہتر بنا رہا ہے بلکہ گوگل میپس کے دائرہ اثر کو بھی محدود کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ٹک ٹاک نے 2024 میں امیج سرچ کی سہولت بھی متعارف کرائی تھی، جو اب صارفین کو ویژوئل بنیاد پر بھی سرچ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ ان تمام فیچرز کا مقصد ٹک ٹاک کو صرف ایک تفریحی ایپ سے بڑھا کر ایک مکمل معلوماتی اور سرچ پلیٹ فارم بنانا ہے۔