اجتماعی کوششوں سے معیشت کو استحکام ملا، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیراعظم شہباز شریف

03:45 PM, 17 Apr, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں معیشت کو استحکام مل چکا ہے اور اب ہم ترقی اور خوشحالی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری روڈ پر جناح اسکوائر انڈر پاس کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ٹریفک کے بہاؤ اور شہر کی خوبصورتی کے لیے مختلف منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انڈر پاس 60 دن کے بجائے صرف 35 دن میں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے، جو قابلِ تعریف ہے۔ شہباز شریف نے اسے "پاکستان سپیڈ" قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو خوبصورت اور بہتر شہر بنانے کے لیے اجتماعی کاوشیں جاری ہیں۔ وزیراعظم نے مزید بتایا کہ ملک کی معیشت میں بہتری ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی درجہ بندی میں بھی بہتری آئی ہے۔

شہباز شریف نے بلوچستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خونی ٹریک کو محفوظ ہائی وے میں بدلا جا رہا ہے، اور این ایف سی میں بلوچستان کا کوٹہ دُگنا کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے لوگ ایک بڑے اور جامع منصوبے کے منتظر تھے، جو اب مکمل ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے میں ہے، اور یہی حکومت اور مسلح افواج کا وژن بھی ہے۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب میں محسن نقوی نے کہا کہ انڈر پاس منصوبہ مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہوگا۔ اسلام آباد کے مختلف چوک پوائنٹس پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور پارکنگ کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں رش اور کمرشل سرگرمیاں بڑھنے کے ساتھ ٹریفک کے مسائل پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، اور آئندہ دنوں میں شہر کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں