وفاقی بجٹ26-2025 کی تیاری مکمل، عید الاضحیٰ سے پہلے پیش کیے جانے کا امکان

08:39 PM, 17 Apr, 2025

اسلام آباد:پاکستان کی حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ کو عید الاضحیٰ سے پہلے پیش کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس قبل از وقت بلانے کی تجویز زیر غور ہے۔

نیا بجٹ تین سے پانچ جون کے دوران قومی اسمبلی میں پیش ہو سکتا ہے، اور عید سے دو یا تین دن پہلے اس کی پیش کش کی توقع ہے۔ بجٹ کی منظوری کا عمل عید کی چھٹیوں کے فوراً بعد شروع ہو جائے گا، جب کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے مالی سال کے بجٹ پر مشاورت کی جائے گی۔ آئی ایم ایف کا مشن 14 مئی کو پاکستان پہنچے گا۔

آئی ایم ایف کے ساتھ سالانہ ٹیکس ریونیو، ترقیاتی بجٹ سمیت اہم اہداف کی منظوری لی جائے گی، جس کے بعد وزیر خزانہ آئندہ ہفتے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی اسپرنگ میٹنگز 21 سے 26 اپریل تک واشنگٹن میں منعقد ہوں گی۔

پاکستان کی حکومت کی جانب سے بجٹ کی تیاری اور آئی ایم ایف کے ساتھ مشاورت کے عمل میں تیزی لائی جا رہی ہے تاکہ آئندہ مالی سال کا بجٹ کامیابی سے منظور کرایا جا سکے۔

مزیدخبریں