پاکستان ویمنز ٹیم نے ورلڈ کپ 2025کے لیے کوالیفائی کرلیا،تھائی لینڈ ویمنز کو 87 رنز سے شکست

08:59 PM, 17 Apr, 2025

لاہور:پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز میں تھائی لینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ 2025 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ یہ کارنامہ سرانجام دینے والی پاکستان پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوران ورلڈ کپ میں جگہ یقینی بنائی۔

آج کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز اسکور کیے۔ نمایاں بلے بازوں میں سدرہ امین شامل تھیں جنہوں نے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ کپتان فاطمہ ثنا نے 59 گیندوں پر ناقابلِ شکست 62 رنز بنائے۔

جواب میں تھائی لینڈ کی پوری ٹیم 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ قومی ٹیم کی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاطمہ ثنا، نشرا سندھو اور رامین شمیم نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سادیہ اقبال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان ویمنز ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور مسلسل چار فتوحات حاصل کر چکی ہے۔ قومی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 19 اپریل کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔

مزیدخبریں