انطالیہ ڈپلومیسی فورم: وزیراعظم شہباز شریف کی صدر ٹرمپ کے سینئر مشیر مسعد بولس سے اہم ملاقات

05:20 PM, 17 Apr, 2026

انطالیہ / اسلام آباد : ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری پانچویں ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر کے سینئر مشیر برائے عرب و افریقی امور، مسعد بولس کے درمیان ایک اہم بیٹھک ہوئی، جس میں علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نمائندہ نیو نیوزاسلام آباد جاوید نور کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے خصوصی طور پر یاد دلایا کہ      گزشتہ برس جب پاکستان اور بھارت جنگ کے دہانے پر پہنچ چکے تھے، تو صدر ٹرمپ کی جراتمندانہ اور فیصلہ کن مداخلت ہی تھی جس نے جنگ بندی کو ممکن بنایا۔    وزیراعظم نے لبنان میں کامیاب جنگ بندی کے لیے بھی صدر ٹرمپ کے کلیدی کردار کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر تاریخی 'اسلام آباد مذاکرات' اور پاکستان کے مصالحتی کردار کو عالمی امن کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات کو محض سیکیورٹی کی عینک سے دیکھنے کے بجائے تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے ٹھوس فریم ورک میں ڈھالا جائے۔ انہوں نے کثیرالجہتی سفارتکاری میں باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
نمائندہ نیو نیوزاسلام آباد  مسٹر مسعد بولس نے وزیراعظم کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ  امریکہ خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہم انسدادِ دہشت گردی اور اقتصادی ترقی سمیت تمام مشترکہ چیلنجز پر پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط کرنے کے خواہش مند ہیں۔

مزیدخبریں