"پاکستان اور اس کے عظیم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ، دو شاندار لوگ!!!

07:43 PM, 17 Apr, 2026

اسلام آباد / واشنگٹن :امریکا اور ایران کے درمیان برسوں پرانی دشمنی کے خاتمے اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان کا کردار فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹروتھ سوشل' پر ایک غیر معمولی پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان کی اعلیٰ قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا،    "پاکستان اور اس کے عظیم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ، دو شاندار لوگ!!!


سفارتی ماہرین اس بیان کو اتوار کے روز اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے ایک انتہائی مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔


امریکی میڈیا کے مطابق، اسلام آباد میں زیرِ بحث تین صفحات پر مشتمل معاہدے کے اہم نکات یہ ہیں۔ امریکا ایران کے 20 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جاری کرنے پر غور کر رہا ہے، جس میں سے 6 ارب ڈالر فوری طور پر خوراک اور ادویات کے لیے دستیاب ہو سکتے ہیں۔ اس مالیاتی پیکج کے بدلے میں ایران افزودہ یورینیم کا ذخیرہ ترک کرنے پر رضامند ہوگا۔امریکا کی شرط ہے کہ تمام جوہری تنصیبات زمین کے اوپر منتقل کی جائیں تاکہ بین الاقوامی معائنہ کاری میں آسانی ہو۔ ایران کو صرف طبی مقاصد کے لیے 'نیوکلیئر ریسرچ ری ایکٹر' رکھنے کی اجازت ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے شروع میں 27 ارب ڈالر کا مطالبہ کیا تھا جسے امریکا نے مسترد کر دیا، تاہم اب 20 ارب ڈالر کے فارمولے پر اتفاق کے قوی امکانات ہیں۔ دوسری جانب، ایران نے اپنا تمام جوہری مواد امریکا منتقل کرنے کے مطالبے کے جواب میں ملک کے اندر ہی یورینیم کی افزودگی کم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
آبنائے ہرمز کے معاملے پر ایران کے تعاون اور اب صدر ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی قیادت کی ستائش نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان عالمی امن کے لیے ایک ناگزیر ثالث بن چکا ہے۔ اتوار کو اسلام آباد میں ہونے والا مذاکرات کا دوسرا دور نہ صرف پاک-امریکہ تعلقات بلکہ عالمی سیاست کے لیے بھی ایک تاریخی موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں