انطالیہ:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکی کے شہر انطالیہ میں منعقدہ 5ویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم دوطرفہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی برادرانہ تعلقات اور مشترکہ امن و خوشحالی کے وژن کی بنیاد پر پاکستان اور ترکی کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ ترکی کی جانب سے وزیر خارجہ حکان فیدان اور دیگر سینئر حکام نے صدر اردوان کی معاونت کی۔
خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس گفتگو میں صدر اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کی خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترکی علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے 5ویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کی کامیابی پر ترک صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فورم اب ایک اہم عالمی پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے صدر اردوان کو جنگ بندی میں توسیع اور پائیدار امن معاہدے کے لیے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں درج ذیل اہم فیصلے کیے گئے۔ رواں سال کے آخر میں انقرہ میں 8ویں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے اجلاس کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔جاری منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے اور نئے اقتصادی منصوبوں کی تلاش پر زور دیا گیا۔خطے میں دیرپا امن کے لیے موجودہ مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم نے روایتی ترک مہمان نوازی پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر رجب طیب اردوان کی ملاقات؛ پاک-ترک اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کا عزم
08:12 PM, 17 Apr, 2026