کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے ایک اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کراچی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
لاہور کی جانب سے حسیب اللہ 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ اسامہ میر نے 22 رنز بنائے۔ فخر زمان نے 20، عبداللہ شفیق نے 17 اور سکندر رضا نے 15 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جہانداد خان اور عثمان طارق نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 135 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ رائلی روسو 60 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ حسن نواز نے 49 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7 میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ لاہور قلندرز 6 میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہیں۔