کابل ائرپورٹ پر پاکستانی پائلٹ کی حاضر دماغی سے طیارہ حادثے سے بچ گیا

کابل ائرپورٹ پر پاکستانی پائلٹ کی حاضر دماغی سے طیارہ حادثے سے بچ گیا
سورس: file photo

کابل : افغانستان میں پی آئی اے کے پائلٹ کی حاضر دماغی نے طیارے کو کسی حادثے سے بچا لیا ۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے پائلٹ نے شدید افراتفری میں حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے اور مسافروں کو حادثے سے بچالیا ۔

کابل افغان طالبان کے کنٹرول میں آنے کے بعد افغان شہریوں و غیر ملکیوں نے فوری طور پر افغانستان سے نکلنا شروع کردیا جس کے باعث سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور ہوائی اڈے پر رش لگ گیا۔

اس صورتحال کے باعث کابل ایئرپورٹ پر بدامنی کی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے بعد   پی آئی اے کا طیارہ  مشکل میں پھنس گیا لیکن کپتان کی حاضر دماغی کی وجہ سے طیارہ حادثے سے بچ گیا ۔

 اتوار کو پی آئی اے کا مسافر طیارہ اے 320 رن وے پر اکیلا رہ گیا تھا، اے ٹی سی عملے نے کپتان کو بتایا کہ ہم جارہے ہیں اپنا فیصلہ خود کریں۔

اے ٹی سی عملے کے بیان پر کپتان تھوڑا سا گھبرایا لیکن سی ای او پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے کپتان کو اعصاب پر قابو رکھنے کا مشورہ دیا۔گفتگو کے دوران کپتان نے سی ای او کو بتایا کہ دو لڑاکا طیارے رن وے پر اڑان کےلیے تیار کھڑے ہیں اور پھر کپتان نے مسافر طیارے کو جیٹ طیاروں کے پیچھے ٹیک آف کی مہارت سے آگاہ کیا۔

قومی ایئرلائن کے کپتان نے اپنی حاضر دماغی کی وجہ سے مسافر بردار طیارے کو کابل ایئرپورٹ سے بحفاظت ٹیک آف کیا۔