وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا بونیر کا دورہ، جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان

12:45 AM, 17 Aug, 2025

بونیر : وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔

وزیر اعلیٰ کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران علی امین گنڈاپور نے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔

ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ کو نقصانات اور جاری امدادی کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ دورے کے موقع پر صوبائی کابینہ کے اراکین، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں سیلابی صورت حال پیدا ہوئی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 340 تک پہنچ چکی ہے۔ دوسری جانب گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی سیلاب کے باعث کم از کم 21 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور وسیع پیمانے پر تباہی دیکھی گئی ہے۔

مزیدخبریں