سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی کی یقین دہانی، علی امین گنڈاپور کا وعدہ

05:04 PM, 17 Aug, 2025

بونیر  : بونیر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کچھ علاقے سیلابی خطرے کی زد میں ہیں اور ان علاقوں کی نگرانی کے لیے الرٹ جاری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا مؤثر مقابلہ کیا جائے گا اور متاثرہ افراد کو گھر اور بستیوں کی تعمیر فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت ہر اس شخص کے نقصان کی تلافی کرے گی جسے سیلاب نے متاثر کیا ہے اور عوام کی مشکلات کو حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔

تجاوزات کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تجاوزات کا مسئلہ سالوں پرانا ہے، اور اس کے خلاف کی گئی کارروائیوں پر عدالتوں نے روک لگا دی ہے۔ انہوں نے ڈی آئی خان میں تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن کی مثال دی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی قبضے سے باز رہیں اور حکومت کے تعاون کو یقینی بنائیں۔

علی امین گنڈاپور نے ندی نالوں کی صفائی نہ ہونے کو سیلاب کی وجوہات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ متاثرہ آبادیوں کو پانی کے راستوں سے ہٹاکر محفوظ جگہوں پر منتقل کیا جائے گا۔

انہوں نے وفاقی حکومت، دیگر صوبوں، این ڈی ایم اے، اور فوج کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا کے پاس مالی وسائل موجود ہیں اور وہ اپنے وسائل سے متاثرین کی مدد کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے تمام ادارے، پولیس اور انتظامیہ متاثرین کی مدد میں سرگرم عمل ہیں اور وہ اپنے عوام کا بھرپور خیال رکھیں گے۔

مزیدخبریں