وزیر داخلہ محسن نقوی کا بھارتی طیارے گرائے جانے اور جنگی کارکردگی پر اہم بیان

05:52 PM, 17 Aug, 2025

لاہور: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان پر دباؤ ڈالا گیا کہ جہاز گرانے کے بعد بھارت کے خلاف مزید کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف نے سعودی وفد سے کہا کہ بھارت ایک چمکدار مرسڈیز کی طرح ہے جبکہ پاکستان ایک بھرا ہوا ڈمپر ٹرک، اور اگر دونوں کی ٹکر ہو تو نقصان کس کا زیادہ ہوگا، یہ خود اندازہ لگا سکتے ہیں۔ اس بات پر سعودی وفد خاموش رہا۔

لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ جنگ کے دوران ہماری انٹیلی جنس ایجنسیاں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی تھیں اور بھارت کی ہر حکمت عملی سے بروقت آگاہی حاصل ہوتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے گرائے گئے طیاروں کے شواہد چند منٹوں میں ہمارے پاس آ چکے تھے اور مار گرائے گئے چھ بھارتی طیاروں کی ویڈیوز بھی ہمارے پاس موجود ہیں۔ بھارتی فوج کی ہر نقل و حرکت سے ہمیں پہلے سے آگاہی مل جاتی تھی اور بھارت کے فائر کیے گئے تمام میزائل ہمارے بیس پر نہیں گرے۔

وزیر داخلہ نے ان ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا جو جنگ کے دوران پس پردہ رہ کر کام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریڈار پر بھارتی طیارے گرنے کی اطلاع وصول کر چکے تھے مگر ثبوت مکمل ہونے تک اس کا اعلان نہیں کیا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ بھارت کی متعدد حساس جگہیں ہمارے نشانے پر تھیں اور آسانی سے نشانہ بنایا جا سکتا تھا، لیکن پہلے بھارت کو اس کا ہضم کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اجیت دوول اور امت شاہ اس پورے معاملے کے پیچھے تھے اور وہ بھارتی حکومت چلا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں متحد تھیں اور ایک دوسرے کا ساتھ دے رہی تھیں۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے اور جب تک کشمیریوں کو ان کا حق نہیں ملتا چین مذاکرات شروع نہیں کرے گا۔

انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو بھارتیوں کے خلاف کامیابی کا مکمل کریڈٹ دیا اور کہا کہ اس جنگ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت قابل ستائش تھی۔

 
 

مزیدخبریں