ہیلسنکی : یورپی ممالک نے روس کو اپنی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے مشترکہ دفاعی حکمتِ عملی اپنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں ہونے والے آٹھ یورپی ممالک کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں روسی پالیسیوں کو یورو اٹلانٹک خطے کے امن اور استحکام کے لیے براہِ راست خطرہ قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ اس کے اقدامات یورپ کی سلامتی پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ اجلاس میں شریک ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ سیکیورٹی حکمتِ عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔
سویڈن، فن لینڈ، پولینڈ سمیت دیگر آٹھ ممالک نے روس کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر اپنی دفاعی ترجیحات پیش کیں۔ یورپی کمیشن کی مجوزہ دفاعی منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا گیا ہے، جن میں ڈرون سسٹمز اور اسپیس شیلڈ منصوبے شامل ہیں۔
یورپی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر مشترکہ اقدامات وقت کی ضرورت ہیں تاکہ خطے میں امن اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔