بجلی صارفین کے لیے خوشخبری: فی یونٹ قیمت میں کمی متوقع

10:28 AM, 17 Dec, 2025

اسلام آباد: ملک کے صارفین کے لیے خوشخبری ہے کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی متوقع ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست منظور ہونے کی صورت میں نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 72 پیسے فی یونٹ سستی ہو سکتی ہے۔

سی پی پی اے نے یہ درخواست نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں دائر کی ہے، جس پر 31 دسمبر کو سماعت ہوگی۔ دستاویزات کے مطابق نومبر میں ڈسکوز کو مجموعی طور پر 7 ارب 81 کروڑ 30 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، اور فی یونٹ لاگت 6 روپے 16 پیسے رہی۔

ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بجلی کی پیداوار میں مختلف ذرائع استعمال ہوئے، جن میں 39.16 فیصد پانی، 9.34 فیصد مقامی کوئلہ، 5.06 فیصد درآمدی کوئلہ، 8.44 فیصد گیس، 8.64 فیصد درآمدی ایل این جی اور 25.23 فیصد جوہری ایندھن شامل ہیں۔

نیپرا کی منظوری کے بعد صارفین کو ہر یونٹ بجلی پر 72 پیسے کی کمی کا فائدہ ملے گا، جس سے صارفین کی بجلی کے بلوں میں کمی متوقع ہے۔

مزیدخبریں