کراچی: رواں سال بیرون ملک جانے والے 51 ہزار پاکستانی مسافروں کو مختلف وجوہات کی بنا پر طیاروں سے آف لوڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی پاسپورٹ کی بین الاقوامی رینکنگ بہتر ہو کر 118 سے 92 نمبر پر پہنچ گئی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز اور انسانی حقوق کے اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب نے 24 ہزار، دبئی نے 6 ہزار اور آذربائیجان نے 2,500 پاکستانی شہریوں کو بھیک مانگنے یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے ڈی پورٹ کیا۔
ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ کمبوڈیا جانے والے 24 ہزار پاکستانیوں میں سے 12 ہزار ابھی تک واپس نہیں آئے، جبکہ برما جانے والے 4 ہزار افراد میں سے 2,500 واپس نہیں لوٹے۔
اجلاس میں جعلی فٹ بال کلب کے ذریعے جاپان بھیجے گئے افراد کا بھی انکشاف ہوا، جن میں ایک معذور شخص بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ، بنگالی شہریوں کا پاکستان کے سیاحتی ویزے کے ذریعے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کا بھی پتہ چلا۔