آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر وزیراعظم شہباز شریف کی جرمن زبان میں تقریر کرنے پر متاثر

09:17 AM, 17 Feb, 2026

ویانا: آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے وزیراعظم شہباز شریف کی جرمن زبان میں کی گئی تقریر کی ویڈیو شیئر کی۔ اسٹاکر نے وزیراعظم کی جرمن زبان میں روانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تقریر نے انہیں حیران کن طور پر متاثر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریا کا سرکاری دورہ مکمل کیا اور برطانیہ واپس روانہ ہوگئے۔ لوٹن ائیرپورٹ پر وزیر اعظم کا پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور سفارتی عملے نے استقبال کیا۔ مسلم لیگ برطانیہ کے صدر احسن ڈار اور خرم بٹ بھی وزیر اعظم کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

وزیراعظم کے ہمراہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی تھے۔

آسٹریا کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے چانسلر اسٹاکر سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات کی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی۔

اعلامیہ کے مطابق، پاکستان اور آسٹریا کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اور دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم اور آسٹریا کے چانسلر نے مشترکہ طور پر بزنس فورم کی صدارت کی اور پاکستانی اور آسٹرین کمپنیوں کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چانسلر اسٹاکر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی بھی دعوت دی۔

مزیدخبریں