بنگلہ دیش کے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ نے حلف اٹھا لیا

10:34 AM, 17 Feb, 2026

ڈحاکہ : بنگلہ دیش کی تیرہویں جاتیہ سنگسد (پارلیمنٹ) کے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ نے حلف اٹھا لیا۔ چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم نصیرالدین نے نئے ارکان پارلیمنٹ سے حلف لیا۔ اس موقع پر نامزد وزیراعظم طارق رحمان نے بھی بطور رکن پارلیمنٹ حلف اٹھایا۔

حلف برداری کے بعد، ارکان پارلیمنٹ نامزد وزیراعظم کے لیے حق رائے دہی استعمال کریں گے، جس کے بعد طارق رحمان مرحومہ خالدہ ضیا کے صاحبزادے کے طور پر وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ وزیراعظم اور کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں ملکی اور غیر ملکی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

پاکستان کی طرف سے وزیراعظم شہباز شریف کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال کر رہے ہیں، جو اس موقع پر بنگلہ دیش میں اعلیٰ سطح کے حکام سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور اس کے اتحادیوں نے حالیہ عام انتخابات میں دو سو بارہ نشستیں حاصل کر کے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کی، جس کے نتیجے میں حکومت سازی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

قبل ازیں، بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے قوم سے خطاب میں کہا کہ عبوری حکومت اپنا دور مکمل کر رہی ہے اور نئی منتخب حکومت کے قیام کا راستہ ہموار ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ووٹرز اور سیاسی جماعتوں نے انتخابات میں ایک مثال قائم کی ہے، جس سے مستقبل میں جمہوری عمل کو تقویت ملے گی۔

محمد یونس نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (BNP) کی کامیابی کی تعریف کی اور پارٹی کے سربراہ طارق رحمان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیش میں جمہوری عمل، آزادی اظہار اور بنیادی حقوق کی حفاظت کی جائے گی۔

یاد رہے کہ عبوری حکومت تقریباً 18 ماہ سے ملک چلا رہی تھی، اس دوران محمد یونس نے شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد سیاسی عبوری دور کی قیادت کی، اور عام انتخابات کے انعقاد کے ساتھ ساتھ جین زی کے مطالبات پر مبنی آئینی اصلاحات کے لیے ریفرنڈم بھی کرایا۔

مزیدخبریں