اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بانی پی ٹی آئی کی صحت اور جیل میں سہولیات کے حوالے سے جاری افواہوں کی سخت تردید کرتے ہوئے اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش قرار دے دیا ہے۔وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ سے متعلق کیا جانے والا پروپیگنڈا سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ جھوٹ پھیلایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی 85 فیصد بینائی چلی گئی ہے، حالانکہ میڈیکل رپورٹ آچکی ہے اور چیک اپ بھی مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ علیمہ خان کے جھوٹ کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کا تین دن تک علاج نہ ہو سکا، جبکہ بانی کے اپنے معالجین نے تصدیق کی ہے کہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
محسن نقوی نے پی ٹی آئی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بانی کی بیماری کا سہارا لے کر سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی تمام قیادت مطمئن تھی لیکن علیمہ خان تمام فیصلوں کو ویٹو کر دیتی ہیں۔ وزیر داخلہ نے سوال اٹھایا کہ جیلوں میں ہزاروں قیدی موجود ہیں، کیا سب کو ویسی ہی سہولتیں مل رہی ہیں جیسی بانی پی ٹی آئی کو میسر ہیں؟
انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی انتقام لینا ہوتا تو جیل میں سختی کی جاتی، میں چاہتا ہوں کہ میڈیا خود جیل جا کر دیکھے کہ بانی پی ٹی آئی کو کتنی زیادہ سہولتیں دی گئی ہیں۔احتجاج کی کال اور حکومت کے ساتھ مبینہ رابطوں کے حوالے سے وزیر داخلہ نے دوٹوک موقف اختیار کیا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان اس وقت کوئی بات چیت نہیں ہو رہی، کسی کو این آر او لے کر دینے کی باتیں بالکل سچ نہیں ہیں۔
محسن نقوی نے خبردار کیا کہ "اگر احتجاج اور دھاوا بولنے کا شوق ہے تو پھر دیکھ لیں کہ کیا ہوتا ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پہلے دن سے ہی سنجیدہ مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی بینائی سے متعلق پروپیگنڈا جھوٹا ثابت، سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی: محسن نقوی
02:48 PM, 17 Feb, 2026