ڈیل یا ڈھیل کی باتیں محض قیاس آرائیاں، بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہ کی جائے: عطا تارڑ

03:09 PM, 17 Feb, 2026

لندن / اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے گردش کرنے والی 'ڈیل' کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جا رہی۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر سیاست کرنا افسوسناک ہے۔
عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی تکلیف کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں کو "سنسنی خیزی" قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کو آنکھ میں جو تکلیف تھی، وہ اب حل ہو چکی ہے۔
 ان کی صحت اب بالکل ٹھیک ہے اور اس حوالے سے پھیلائے جانے والے خدشات بے بنیاد ہیں۔ وزیر اطلاعات نے زور دے کر کہا کہ ایک قیدی کو طبی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، جو پوری کی جا رہی ہے۔ عطا تارڑ نے صحافیوں کو بتایا کہ ہماری ذمہ داری تھی کہ انہیں بہترین ہیلتھ کیئر فراہم کی جائے، اور ہم نے وہ سہولیات فراہم کر دی ہیں۔ اب ان کی صحت بہتر ہے۔
ڈیل کی خبروں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تمام باتیں محض قیاس آرائیاں ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے حامیوں اور سوشل میڈیا صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ حساس معاملات پر سنسنی پھیلانے سے گریز کریں۔

مزیدخبریں