افواجِ پاکستان کی ملٹی ڈومین آپریشنز کی تیاری، جنگی محاذ پر کامیابی کی ضمانت

03:49 PM, 17 Jan, 2026

راولپنڈی: افواجِ پاکستان بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ملٹی ڈومین آپریشنز کی بھرپور تیاری میں مصروف ہیں، جو جدید جنگی میدان میں کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے ہیں۔ ملٹی ڈومین آپریشنز میں فضائی، زمینی، سائبر، الیکٹرانک وارفیئر، خودکار نظام اور انفارمیشن آپریشنز کو ایک مشترکہ اور مربوط حکمت عملی کے تحت دشمن کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔

ان آپریشنز کے دوران فضائی برتری، کثیرالمقاصد ڈرونز اور دور مار کرنے والے ہتھیاروں کے ہم آہنگ استعمال سے دشمن کی نقل و حرکت کو ناممکن بنا دیا جاتا ہے۔ تباہ کن بمباری کے ساتھ سائبر اور انفارمیشن آپریشنز کے ذریعے دشمن کی فیصلہ سازی کی صلاحیت کو مفلوج کر دیا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں تیار کردہ جدید ہتھیاروں اور ڈرونز کو دوست ممالک سے حاصل کیے گئے جدید عسکری سازوسامان کے ساتھ مربوط انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے، جو مشترکہ جنگی حکمت عملی کی بہترین مثال ہے۔ اس ہم آہنگی کے ذریعے فضائی اور زمینی طاقت کے امتزاج سے دشمن کے دفاعی نظام کو تہس نہس کر دیا جاتا ہے۔

یہ جنگی مشقیں جدید ٹیکنالوجی، تباہ کن فائر پاور اور انتہائی درست نشانہ بندی کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ ہیں۔ مشقوں میں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور مختلف سروسز کے مابین اعلیٰ درجے کے باہمی اشتراک کو نمایاں کیا گیا، جو ملٹی ڈومین آپریشنز کی بنیادی پہچان ہے۔

یہ مشقیں اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ افواجِ پاکستان جدید جنگی تقاضوں کے مطابق ملٹی ڈومین آپریشنز کی منصوبہ بندی اور ان کے مؤثر عملی نفاذ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

مزیدخبریں