لاہور: کورونا وائرس کو شکست دینے والے مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی طبیعت خراب ہو گئی۔خاندانی ذرائع کے مطابق طبیعت ناساز ہونے پر ڈاکٹروں کی ٹیم نے شہباز شریف کا معائنہ کیا۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے شہباز شریف کے جسم میں پانی کی مقدار کم ہونے پر ڈرپ لگائی اور کورونا کے بعد کمزوری کو دور کرنے کے لیے ادویات بھی تجویز کیں۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کو کمزوری کے سبب ڈاکٹرز نے ہنگامی طبی امدادی فراہم کی۔ گزشتہ روز شہباز شریف آئین اور قانون کے تقاضوں کے سبب عدالت گئے تھے۔ ڈاکٹرز کے مطابق گزشتہ روز کی مشقت، دھکم پیل اور باہر جانے سے ان پر اثر ہوا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ معالجین کی رائے میں اینٹی باڈیز ٹیسٹ ہونے تک شہباز شریف گھر سے باہر نہ جائیں، طبی امداد کے بعد شہباز شریف بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شہباز شریف میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ آئسولیٹ ہو گئے تھے اور 5 جولائی کو ان کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔