ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں خطے میں اب بھی سب سے کم ہیں: فرخ حبیب

Petroleum products, prices, Pakistan, lowest, region, Farrukh Habib

فیصل آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا ، ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں خطے میں اب بھی سب سے کم ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ اوگرا کی طرف سے 11 روپے کی سمری آئی تھی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے صرف پانچ روپے ، 40 پیسے اضافے کی منظوری دی ۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار دور میں پٹرولیم لیوی کو کم نہیں کیا جاتا تھا لیکن حکومت پٹرولیم لیوی کو کم کر رہی ہے ۔ اپوزیشن کو چیلنج کرتا ہوں بتائے کونسے پٹرولیم ٹیکسز میں اضافہ کیا گیا ۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت ٹیکس آمدن کا نقصان اٹھا کر عام آدمی پر کم بوجھ ڈالنا چاہتی ہے ۔ وزیراعظم کی کوشش ہے عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے ، حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو جھوٹ کے سرٹیفکیٹ مل چکے ہیں ، مریم نواز نے نواز شریف کی فوٹو میں جعلسازی کی جو پکڑی گئی ۔ کشمیر کی بیٹی اپنے چچا مودی کیلئے کیوں کوئی الفاظ نہیں بولتی ؟ مریم کے منہ سے آر ایس ایس کیلئے کیوں کوئی لفظ نہیں نکل رہا ؟ حریت رہنما پابند سلاسل ہیں ، مریم نواز مذمت کیوں نہیں کر رہیں ؟ مریم نواز نہتے کشمیریوں پر پابندیوں کی مذمت کیوں نہیں کرتیں ؟

فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف دور میں مسئلہ کشمیر کو اہمیت نہیں دی گئی لیکن اب وزیراعظم عمران خان نے سچے وکیل اور دلیر سفیر کا کردار ادا کیا ۔ کشمیر کے مسئلے پر وزیراعظم عمران خان نے واضح اقدام اٹھایا ، وزیراعظم نے کہا 5 اگست کے اقدامات کی واپسی تک بھارت سے بات نہیں ہوگی ۔