فیس بک کا مونیٹائزیشن کے لئے سخت شرائط کا اعلان

04:39 PM, 17 Jul, 2025

سان فرانسسکو: فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ جو اکاؤنٹس بار بار دوسروں کا مواد جیسے کہ ویڈیوز، تصاویر یا تحریریں بغیر اجازت شیئر کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ان اکاؤنٹس کی مونیٹائزیشن یعنی کمائی بند کی جا سکتی ہے اور ان کی پوسٹس کی رسائی (reach) بھی محدود کی جائے گی۔

میٹا کے مطابق یہ فیصلہ صارفین کے نیوز فیڈز کو "اسپیم" سے پاک کرنے اور اصل تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا ہے۔ کمپنی نے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ فیس بک کا سسٹم اب ان ویڈیوز کو پہچاننے کے قابل ہو گیا ہے جو کسی اور کے مواد کی نقل ہیں، اور ایسی ویڈیوز کو کم دکھایا جائے گا تاکہ اصل ویڈیو کے تخلیق کار کو نقصان نہ پہنچے۔

کمپنی نے بتایا کہ وہ ایک نیا فیچر بھی ٹیسٹ کر رہی ہے جس کے ذریعے ناظرین کو اصل مواد کے خالق کے لنک تک پہنچایا جا سکے گا، تاکہ انہیں صحیح کریڈٹ دیا جا سکے۔

یہ نئی پالیسی آئندہ مہینوں میں مرحلہ وار لاگو کی جائے گی، تاہم انسٹاگرام یا تھریڈز پر ایسی کسی تبدیلی کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

میٹا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ 2025 کے پہلے چھ ماہ میں فیس بک پر پانچ لاکھ سے زائد ایسے اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی گئی جو جعلی انگیجمنٹ یا اسپیمی رویوں میں ملوث تھے۔

کمپنی نے واضح کیا کہ یہ اقدامات صرف "غیر اصل مواد" پر لاگو ہوں گے۔ وہ تخلیق کار جو کسی ویڈیو یا پوسٹ پر اپنا تبصرہ، ردعمل یا کچھ نیا انداز شامل کرتے ہیں، اس پالیسی سے متاثر نہیں ہوں گے۔

میٹا نے مشورہ دیا ہے کہ اگر کسی اور کا مواد شیئر کرنا ضروری ہو تو اس میں واضح ترمیم، وائس اوور یا تبصرہ شامل کیا جائے، اور ایسے مواد سے پرہیز کیا جائے جس پر کسی اور کا واٹر مارک لگا ہو یا جو دوسرے پلیٹ فارمز سے سیدھا نقل کیا گیا ہو۔

مزیدخبریں