چکوال میں طوفانی بارش، تین ڈیموں کے بند ٹوٹ گئے، سیلابی ایمرجنسی نافذ

01:21 PM, 17 Jul, 2025

چکوال :  چکوال میں جاری موسلادھار بارشوں نے خطرناک صورت اختیار کر لی ہے۔ شدید بارش کے باعث تین ڈیموں کے بند ٹوٹ گئے، جس کے بعد انتظامیہ نے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

بارش اور پانی کے شدید بہاؤ سے چک ملوک کے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، جب کہ چوآسیدن شاہ میں واقع تاریخی کٹاس راج مندر بھی پانی میں ڈوب گیا۔ پانی سرکاری عمارتوں اور گھروں میں داخل ہو چکا ہے، جس سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے۔

انتظامیہ نے چکوال شہر میں سیلابی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ افسوسناک خبر یہ بھی ہے کہ ایک مکان کی چھت گرنے سے بچے سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کے مطابق سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ امدادی کارروائیوں میں فوج، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کریں۔

مزیدخبریں