لاہور:پنجاب کے مختلف اضلاع میں حالیہ مون سون بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی شدید سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج اور پنجاب پولیس نے مشترکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹرز، فوجی دستے اور پولیس اہلکاروں کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ خوراک، لائف جیکٹس اور طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
(آئی ایس پی آر) کے مطابق، ضلع جہلم کے رسول نگر خورد، برہان نالہ، ڈھوک بھیدر اور داراپور سمیت متعدد علاقوں میں شدید طغیانی کی وجہ سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔فوجی اہلکاروں نے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے متعدد افراد کو ریسکیو کیا اور متاثرین تک ضروری سامان پہنچایا۔
چکری روڈ کے گاؤں لڈیان میں ایک خاندان سیلابی پانی میں گھر گیا تھا۔ زمینی راستے مکمل بند ہونے کے بعد پاک فوج نے ہیلی کاپٹر ریسکیو مشن کے ذریعے تینوں افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پربھیج دیاگیا۔
مشکل موسم کے باوجود بروقت اور کامیاب کارروائی پر مقامی آبادی نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔پنجاب پولیس بھی متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔
ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز) اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز) ان امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ پولیس ٹیمیں ضلعی حکومت اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مکمل کوآرڈی نیشن میں کام کر رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فوجی دستے متاثرہ علاقوں میں صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔
فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس آزمائش کی گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔