اسلام آباد / کابل: وزارت خارجہ کے مطابق کابل میں تین ممالک — پاکستان، افغانستان اور ازبکستان — نے نائب آباد سے خرلاچی تک ریلوے لنک کی مشترکہ فزیبلیٹی اسٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ اقدام ازبک-افغان-پاک (UAP) ریلوے کوریڈور منصوبے کے تحت عمل میں آیا۔
وزارت خارجہ کی جانب سے "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس پیشرفت پر تینوں ممالک کے عوام اور حکومتوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں تجارتی روابط اور معاشی تعاون کی نئی راہیں کھولنے کا باعث بنے گا۔
انہوں نے ازبک اور افغان وزرائے خارجہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس منصوبے کے لیے بروقت اور مؤثر تعاون فراہم کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل کے دوران تینوں ممالک مسلسل قریبی رابطے میں رہے تاکہ معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ UAP ریلوے کوریڈور نہ صرف علاقائی رابطوں کو فروغ دے گا بلکہ وسطی ایشیا کو افغان سرزمین کے ذریعے پاکستانی بندرگاہوں سے بھی منسلک کرے گا، جو خطے میں اقتصادی ترقی کا ذریعہ بنے گا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ یہ منصوبہ سابق حکومت (2022-23) کے دور میں آغاز ہوا تھا، جب انہیں وزیر خزانہ کی حیثیت سے اس منصوبے کی قیادت کا موقع ملا۔
معاہدے پر دستخط سے قبل کابل میں وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی افغانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ سے سہ فریقی ملاقات بھی ہوئی۔ اس نشست میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی امن، روابط، تجارت اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تینوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ مسلسل تعاون اور اشتراک سے خطے کی معاشی صلاحیت کو مکمل طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، جو خطے کے عوام کے لیے طویل المدتی خوشحالی کا باعث بنے گا۔