پاکستان اور چین میں امیگریشن و بارڈر مینجمنٹ تعاون بڑھانے پر اتفاق، مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ

08:05 PM, 17 Jul, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل چی جِنگ یانگ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان امیگریشن، بارڈر مینجمنٹ اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن، اسلحہ اسمگلنگ اور سرحد پار جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کو مؤثر بنانے، امیگریشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے اور بارڈر مینجمنٹ و سکیورٹی کے لیے پاک چین مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان لینڈ بارڈرز، سی پورٹس اور امیگریشن مینجمنٹ کے شعبے میں چین کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر قانونی امیگریشن، غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ان جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

محسن نقوی نے بتایا کہ خنجراب پاس پر سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے گلگت بلتستان اسکاؤٹس کی نئی چیک پوسٹ قائم کی جا رہی ہے۔

وزیرِ مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین باہمی تعاون سے غیر قانونی امیگریشن اور سرحدی جرائم کی روک تھام کو مزید مؤثر بنائیں گے۔

چینی وفد نے غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں اور چین پاکستانی اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران چینی وفد نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو چین کے وزیر داخلہ کی جانب سے پبلک سکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت دی، جبکہ ایف آئی اے کے وفد کو بھی فورم میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

چینی سفیر نے بتایا کہ پاکستانی پولیس افسران اسی ماہ تربیت کے لیے چین روانہ ہوں گے، جبکہ چینی اساتذہ پاکستان میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان کی خصوصی تربیت بھی فراہم کر رہے ہیں۔

ملاقات میں چینی سفیر، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں