پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان

پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی نے عامر لیاقت حسین کے انتقال سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 سے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال سے کل جیسے حالات پیدا نہیں ہوتے، ایم کیو ایم کے وفاقی وزیر امین الحق نے بھی ای وی ایم کی حمایت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کابینہ میں متعدد مرتبہ مردم شماری کا معاملہ اٹھایا مگر اب پرانی مردم شماری پر بلدیات کے الیکشن ہونے جا رہے ہیں، موجودہ حکومت نے ایم کیو ایم کے ساتھ کیا گیا کون سا معاہدہ پورا کیا؟ کیا ایم کیو ایم کے دفاتر کھ گئے یا ان کے کارکنان رہا ہو گئے؟ 
پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ یہ حیدر آباد اور کراچی میں سیاسی ایڈمنسٹریٹر لانا چاہتے ہیں لیکن شہریوں نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مسترد کر دیا ہے اور دونوں شہروں میں میئر پی ٹی آئی کا ہو گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ضمنی انتخاب 27 جولائی کو ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ این اے 245 پر ضمنی انتخاب کیلئے امیدوار 20جون کو کاغذات نامزدگی حاصل کر سکیں گے جبکہ 22 سے 24 جون تک نامزدگی فارم جمع کرائے جاسکیں گے۔
25 جون کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری ہو گی اور 27 جون تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی جبکہ 5 جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہو گی۔ 
الیکشن کمیشن کے اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدوار 6 جولائی کو دستبردار ہو سکیں گے جبکہ 7 جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کر دئیے جائیں گے۔

مصنف کے بارے میں